اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پیر کو سپریم کورٹ آمد ہوئی۔ بلاول بھٹو زرداری اور لطیف کھوسہ کی سپریم کورٹ گیٹ میں اچانک ملاقات ہوئی۔ بلاول بھٹو زرداری نے لطیف کھوسہ کو دیکھ کر کہا کہ دیکھو مجھے کون نظر آیا، لطیف کھوسہ اور بلاول بھٹو بغلگیر ہوگئے۔ وکلا کے رش کے باعث لطیف کھوسہ سپریم کورٹ سے باہر اور بلاول بھٹو اندر جارہے تھے۔اس موقع پر لطیف کھوسہ کے ہمراہ تحریک انصاف کے دیگر وکیل انتظار پنجوتھہ اور نعیم پنجوتھہ بھی موجود تھے۔لطیف کھوسہ اور بلاول بھٹو کی مختصر ملاقات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گئی۔لطیف کھوسہ نے بانی چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کے کیسز میں وکالت کی۔اس تمام عرصے میں وہ عمران خان کے کافی قریب بھی رہے۔عمران خان نے لطیف کھوسہ کو تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت بھی دی۔ بعدازاں وہ باقاعدہ طور پر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو گئے۔ عمران خان نے سردار لطیف کھوسہ کو پی ٹی آئی کا سینئر نائب صدر مقرر کردیا۔