باجوڑ( نمائندہ خصوصی) خیبرپختونخوا کے شمالی ضلع باجوڑ میں پولیس گاڑی پر بم حملے میں 5 پولیس اہلکار جاں بحق اور 22 زخمی ہوگئے۔تحصیل ماموند کے علاقے بیلوٹ فرش میں پولیو سیکیورٹی کیلئے جانیوالی پولیس گاڑی کے نزدیک دھماکا ہوا۔پولیس کے مطابق دھماکے میں 5 اہلکار جاں بحق اور 22 زخمی ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد، سیکیورٹی فورسز اور امدادی اہلکار جائے وقوعہ پہنچ گئے اور زخمیوں و لاشوں کو پرائیوٹ گاڑیوں میں اسپتال منتقل کیا۔ریسکیو1122 کے مطابق زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویش ناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ خار اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکے میں تمام شہید اور زخمی پولیس اہلکار ہیں، جو پولیو ڈیوٹی کیلئے جارہے تھے کہ گاڑی پر حملہ ہوا۔ ادھرخیبرپختونخوا کے نگراں وزیرِ اعلی سید ارشد حسین شاہ نے باجوڑ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے بزدلانہ واقعات سے پولیس کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔نگراں وزیرِ اعلی نے دھماکے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار اور شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔سید ارشد حسین شاہ نے ضلعی انتظامیہ کو زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام اور حکومت پولیس کی ان قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، شہدا کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔ دوسری جانب نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے باجوڑ میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے اورشہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی بلندی ئ درجات کی دعا اور ان کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا اور زخمیوں کی ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ،وزیراعظم نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ پوری قوم سیکیورٹی اہلکاروں اور پولیو ورکرز کو سلام پیش کرتی ہے،دہشت گردوں کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے، ملک سے پولیو وائرس کے مکمل خاتمے تک انسداد پولیو مہم بھرپور طریقے سے جاری رہےگی،عوام پولیو ویکسین کے حوالے سے کسی بھی منفی پراپیگنڈے کے دھوکے میں نہ آئیں،جامعہ الازہر اور دنیا بھر کے علماءکرام پولیو کے انسداد کے پروگرام کی توثیق کر چکے ہیں ۔