لاہور (نمائندہ خصوصی) عام انتخابات کے لئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد یا منظور ہونے کے خلاف ایپلٹ ٹریبونلز میں سماعتوں کا سلسلہ جاری ہے۔کراچی کے حلقہ این اے 242 سے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی۔ایپلٹ ٹریبونل نے حلقہ این اے 242سے شہباز شریف کے خلاف مسعود خان مندوخیل کی اپیل مسترد کر کے انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی ہے۔حلقہ این اے 129سے تحریک انصاف کے میاں اظہر کے کاغذات نامزدگی بھی منظور ہوگئے۔ایپلٹ ٹریبونل لاہور کے جج جسٹس طارق ندیم نے اپیل پر سماعت کر کے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے میاں اظہر کی اپیل منظور کر لی۔ایپلٹ ٹریبونل نے لاہور کے حلقہ پی پی 150 سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عباد فاروق کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا۔ایپلٹ ٹریبونل کے جج جسٹس طارق ندیم نے عباد فاروق کی اپیل مسترد کر دی۔کوئٹہ سے این اے 264سے پیپلزپارٹی کے امیدوار جمال رئیسانی کے کاغذات بھی مسترد کر دیئے گئے۔ایپلٹ ٹریبونل نے کوئٹہ کے حلقہ این اے 264 سے پیپلزپارٹی کے امیدوار جمال رئیسانی کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا ریٹرننگ افسر کا فیصلہ برقرار رکھا۔حلقہ پی پی 160 سے پی ٹی آئی کے عاطف ایوب میو اور عمارعلی جان کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے عاطف ایوب میو اور عمار علی جان نے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف ایپلٹ ٹریبونل میں اپیل دائر کی تھی۔اس موقع پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق ندیم نے ریمارکس دیئے کہ ایک بات ذہن میں رکھیں عدالت کھلے دل کے ساتھ بیٹھی ہے، ہم کسی امیدوار سے متعلق کوئی مائنڈ بنا کر نہیں آئے، آئین اور قانون کے مطابق فیصلے کر رہے ہیں۔ادھر پی ایس125 سے پی ٹی آئی کے محمد فاروق کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے گئے۔ایپلٹ ٹریبونل نے حلقہ پی ایس 125سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما محمد فاروق کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا ریٹرننگ افسر کا فیصلہ برقرار رکھا۔پی ایس116سے تحریک انصاف کے امیدوار امجد خان، پی ایس118 سے پی ٹی آئی کے حسن زیب اور عبدالقیوم جبکہ پی ایس 63 حیدر آباد سے تحریک انصاف کی آرزو فیصل کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی۔الیکشن ٹریبونل نے امیدواروں کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے ریٹرننگ افسران کے فیصلے کالعدم قرار دے دیئے۔واضح رہے کہ کاغذات نامزدگی سے متعلق ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں پر سماعت کا سلسلہ 10 جنوری تک جاری رہے گا۔