اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلافات سامنے آگئے۔انصاف لائرز فورم کے مرکزی صدر قاضی انور کی آڈیو بھی سامنے آگئی۔قاضی انور نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے میری فہرست پر من وعن عمل کا کہا تھا، بیرسٹر گوہر 3 دنوں سے میرا فون نہیں اٹھا رہے، سنا ہے وکلا کو کوئی ٹکٹ دینے کو تیار نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ اگر انصاف نہ ہوا تو آئندہ کا لائحہ عمل کل طے کریں گے۔انصاف لائرز فورم کے مرکزی صدر قاضی انور نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے مجھے خود کہا تھا کہ ٹکٹ وکلا کو دیے جائیں گے، پارٹی ٹکٹ سابق اراکین اسمبلی کو دینا چاہ رہی ہے۔قاضی انور کا کہنا ہے کہ 9 مئی واقعات کے بعد سب سے زیادہ قربانیاں آئی ایل ایف کی ہیں، ٹکٹ آئی ایل ایف ممبرز کو ہی ملنے چاہئیں، ان کے حق کے لیے آواز اٹھاوں گا۔