کراچی (بیورو رپورٹ )( ائیر وار کالج انسٹیٹیوٹ، کراچی میں آج 35ویں ائیر وار کورس کی کانووکیشن اور گریجویشن تقریب منعقد ہوئی۔ صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔
مہمانِ خصوصی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کورس کے شرکاء کو کورس کی کامیاب تکمیل اور ایک اہم سنگ میل حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی. انہوں نے مزید کہا کہ عصرِ حاضر میں حصول علم کے تقاضے تیزی سے بدل رہے ہیں اس لئے ٹیکنالوجی کا حصول ہی جدید علوم تک رسائی کا ذریعہ ہے. ان کا مذید کہنا تھا کہ تیزی سے بدلتی اس دنیا میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر تحقیق اور کام وقت کی اہم ضرورت ہے. مزید براں انہوں نے کہا کہ ہمیں رنگ و نسل کے امتیاز کے بغیر مظلوموں کی حمایت جاری رکھنی چاہیے۔ اس موقع پر انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کے ساتھ ساتھ ہندوستان میں مسلمانوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے امتیازی سلوک کی بھی مذمت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عصرِ حاضر میں کوئی فوج روایتی یا غیر روایتی جنگ میں اکیلے کامیابی حاصل نہیں کر سکتی اس لئے عسکری آپریشنز میں کامیابی کے لئے مشترکہ حکمتِ عملی مرکزی حیثیت کی حامل ہے۔ بعدازاں مہمانِ خصوصی نے گریجویٹ ہونے والے افسران میں اسناد تقسیم کیں جس میں پاک بحریہ کے کمانڈر ولید عارف کو کورس میں ٹاپ گریجویٹ ٹرافی سے نوازا گیا۔ ائیر وار کالج انسٹیٹیوٹ، پاک فضائیہ کا ایک قابلِ فخر ادارہ ہے جہاں پاکستان کی مسلح افواج اور دوست ممالک کے افسران کو ائیر پاور، جنگی حکمتِ عملی اور اعلٰی ذمہ داریوں کے لئے تیار کیا جاتا ہے۔ گریجویٹ ہونے والوں میں پاک فضائیہ، آرمی اور بحریہ کے علاوہ دوست ممالک کی افواج سے تعلق رکھنے والے افسران شامل تھے۔ جن میں بنگلہ دیش، سری لنکا،انڈونیشیا، ملائیشیاء، اردن، یمن، سعودی عرب، مصر،نائیجیریا اورعراق شامل ہیں۔اس تقریب میں اعلیٰ فوجی و سول عہدیداران کے علاوہ دوست ممالک کے سفارت کار بھی شریک ہوئے۔