اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ صحت کی خرابی سیکرٹری الیکشن کمیشن کے استعفے کی وجہ بنی ، ان کا کہنا ہے کہ میری صحت کام کرنے کی اجازت نہیں دیتی۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمر حمید خان چھ دن تک ہسپتال میں زیر علاج رہے ہیں اور اب گھر میں زیر علاج ہیں۔ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے تاحال سیکرٹری الیکشن کمیشن کا استعفیٰ منظور نہیں کیا ہے۔رجمان الیکشن کمیشن نے عمر حمید خان کے استعفیٰ سے متعلق خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیکرٹری عمر حمید خان ایک ذہین اور محنتی آفیسر ہیں اور اچھے طریقے سے کمیشن کا کام کررہے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ عمر حمید خان کی طبعیت کچھ دنوں سے خراب اور میڈیکل ریسٹ پر ہیں، اب بھی اگر سیکرٹری کی صحت نے اجازت دی تو جلد فرائض سرانجام دیں گے۔الیکشن کمیشن کے ترجمان نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن مکمل طور پر فعال ہے، الیکشن کمیشن کے کسی کام میں رکاوٹ یا رخنہ نہیں ہے، تعطیلات کے دنوں میں بھی الیکشن کمیشن کے دفاتر کام کر رہے ہیں، سیکرٹری کی غیر موجودگی میں دونوں سپیشل سیکرٹریز الیکشن کمیشن کاکام احسن طریقے سے چلا رہے ہیں۔یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے 8 فروری کو ملک بھر میں عام انتخابات کا اعلان کر رکھا ہے۔