لاہور (نمائندہ خصوصی) ریٹرننگ افسر کے بعد الیکشن ٹریبونل نے بھی پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر اور صنم جاویدکے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا ریٹرننگ افسر کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے اپیلیں خارج کردی ہیں اور دونوں امیدوار انتخابی میدان سے با ہر ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس طارق ندیم نے سابق وفاقی رکن قومی اسمبلی حماد اظہر کیخلاف ریٹرننگ افسر کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر کے این اے 129 سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیل بھی خارج کردی۔ الیکشن ٹریبونل سے اپیل خارج ہونے کے بعد حماد اظہر کی الیکشن لڑنے کیلئے نا اہلی برقرار رہے گی، الیکشن ٹریبونل کے اس فیصلے کے خلاف اور آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءنے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا۔ادھر پاکستان تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صنم جاوید کی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف اپیل خارج کردی گئی، جس کے ساتھ ہی وہ انتخابی میدان سے باہر ہوگئیں کیوں کہ الیکشن ٹریبیونل نے صنم جاوید خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا ریٹرننگ افسر کا فیصلہ برقرار رکھا، اس حوالے سے ایپلیٹ ٹریبیونل کے جج جسٹس طارق ندیم نے صنم جاوید کی اپیلوں پر فیصلہ سنایا، جس میں الیکشن ٹریبیونل نے صنم جاوید کے این اے 119، 120 اور پی پی 150 سے صنم جاوید کے کاغذات مسترد کرنے کے خلاف اپیل خارج کر دی۔صنم جاوید کے کاغذات کے حوالے سے اعتراض میں کہا گیا کہ انہوں نے 21 دسمبر کو دستخط کیے اور ریٹرننگ افسر کے سامنے 22 دسمبر کو کاغذات جمع کروائے گئے، صنم جاوید نے کاغذات نامزدگی میں جوائنٹ اکاونٹ ظاہر کیا، قواعد کے تحت انتخابی اخراجات کے لیے کاغذات میں سنگل اکاونٹ ظاہر کیا جانا چاہیئے۔