ملتان (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی، ہم نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام متعارف کروایا تاکہ پاکستان کی غریب خواتین کی مدد ہو سکے۔ملتان میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 96 ویں یوم پیدائش کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی صورتحال کا علم تھا اسی لئے یوسف رضا گیلانی کو وزیر اعظم بنایا، 2008 اور 2013 کی حکومت کے دوران گندم اور کپاس کی سپورٹ پرائس میں اضافہ کیا، ہماری حکومت میں کپاس کی ایکسپورٹ 25 بلین ڈالر اور پاکستان کی کل ایکسپورٹ 40 بلین ڈالر ہو گئی تھی۔سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بدقسمتی سے ہماری حکومت کے بعد ترقی کی یہ رفتار جاری نہیں رہی، پاکستان کے عوام انتہائی مضبوط ہیں اور یہی بات ملک کا حقیقی استحکام ہے، عوام کو ہم تربیت دیں گے اور یہی چیز ہمیں فائدہ پہنچائے گی، یہ ہماری زمین ہے اور ہم اسے خوشحال بنائیں گے، شہید ذوالفقار علی بھٹو کے ریفرنس میں ہم کامیاب ہوں گے اور شہید بھٹو معصوم ثابت ہوں گے۔پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نےکہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی ہر بات یاد ہے، جیل کے عملے نے مجھے شہید بھٹو کی ساری باتیں بتائی ہیں، شہید بھٹو کی تمام تاریخ یاد ہے، مجھے ہر چیز کا ادراک شہید ذوالفقار علی بھٹو سے ہوا، جنوبی پنجاب اور تمام صوبوں کو خوشحال بنائیں گے، عوام اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کی خدمت اپنی آخری سانسوں تک جاری رکھیں گے۔