پشاور (نمائندہ خصوصی) الیکشن ٹربیونل نے قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر اسد قیصر کی اپیل منظور کرلی اور ان کے کاغذاتِ نامزدگی بھی درست قرار دے دیے گئے ہیں۔الیکشن ٹربیونل میں پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کی اپیل پر جج جسٹس شکیل احمد نے سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ریٹرننگ افسر نے پارٹی اکاونٹ کے معاملے پر اسد قیصر کے کاغذات مسترد کیے، ریٹرننگ افسر نے پارٹی اکاونٹ اسد قیصر کا ذاتی اکاونٹ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے فارن فنڈنگ کیس میں اکاونٹ کو پارٹی کا اکاونٹ قرار دیا۔الیکشن کمیشن کے وکیل کا کہنا تھا کہ جی بالکل یہ کلیئر ہے اکاونٹ اسد قیصر کے نام پر نہیں، یہ پارٹی اکاونٹ ہے۔بعدازاں ٹربیونل نے اسد قیصر کے کاغذات درست قرار دے دیے۔واضح رہے کہ اسد قیصر کے خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 19 صوابی سے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کیے گئے تھے۔