اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حق خودارادیت انسانی احترام کا بنیادی جزو ہے، عالمی برادری کو مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی حق خود ارادیت کے حوالے سے اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کو پورا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کی پرامن تحریک کو خراج تحسین پیش کرتا ہے اور مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار یوم حق خود ارادیت کشمیر کے موقع پر کیا جو ہر سال 5 جنوری کو منایا جاتا ہے۔اسپیکر نے کہا کہ آج کا دن عالمی برادری کو کشمیر سے متعلق اپنے وعدوں اور زمہ داریوں کی یاد دہانی کا دن ہے۔انہوں نے کہا کہ 5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ کے کمیشن برائے بھارت و پاکستان ( یو این سی آئی پی) نے قرارداد منظور کی تھی جو جموں وکشمیر کے عوام کو اپنا حق خودارادیت استعمال کرنے کے لئے آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کے انعقاد کی ضمانت دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کی مذمت کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو قابض بھارتی افواج کی جانب سے بدترین صورت حال کا سامنا ہے اور مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی open air جیل کی منظر کشی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بین الاقوامی قوانین اور چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ خطے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جموں وکشمیر کے لوگوں کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول کی جدو جہد کی ہرممکن حمایت جاری رکھے گا۔