لاڑکانہ(بیورورپورٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے پولیٹیکل سیکریٹری، صوبائی حلقہ انتخاب پی ایس 11 لاڑکانہ سٹی کے امیدوار جمیل احمد سومرو کا کہنا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا اعلان کردہ دس نکاتی منشور الیکشن کی حد تک نعرا نہیں بلکہ قابل عمل منشور ہے، 18ویں ترمیم کے بعد 3 سو ارب روپے بجٹ کے حامل وفاقی وزارتوں کے 17 محکمے صوبوں کو تفویض ہونے تھے نہیں ہو سکے حکومت میں آ کر انہیں صوبوں کے حوالے کریں گے تاکہ وہ منشور پر عمل کروا سکیں، لاڑکانہ شہر کے گجن پور محلہ میں حاجی مشتاق راجپوت اور امجد تنیو کے انتقال پر ان کے ورثاء سے تعزیت کرنے کے بعد سینئر صحافی محمد عاشق پٹھان کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمیل سومرو کا مزید کہنا تھا کہ ملک بجلی کے بحران سے نبردآزما ہے حکومت میں آ کر ونڈ اور سولر سسٹم پارک قائم کر کے 300 یونٹس تک بجلی مفت فراہم کریں گے، یہ ہی نہیں بلکہ لاڑکانہ شہر میں 5 سو بیڈ پر مشتمل سینٹرلی ایئر کنڈیشنڈ اسپتال کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جہاں ہر بیماری کا بلکل مفت علاج ہوگا، جمیل سومرو کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے لاہور سے الیکشن لڑنے سے پارٹی اور امید واروں کو پنجاب اور جنوبی پنجاب میں تقویت ملی ہے، 2018 میں پیپلز پارٹی سے نشستیں چھینی گئیں لیکن اس مرتبہ ایسا نہیں ہونے دیں گے، جمیل سومرو کا کہنا تھا کہ الیکشن آگے کے جانے والے ملک دوست نہیں انہیں الیکشن کمیشن پر اعتماد ہے کہ وہ صاف شفاف الیکشن کروائیں گے اب تو چیف جسٹس بھی تمام معاملات کو دیکھ رہے ہیں ان کی لائیو سماعت پورا ملک بھی دیکھتا ہے، انہوں نے بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پنجاب میں ڈیرا جمائے ہوئے ہیں جلد کے پی کے سمیت دیگر صوبوں کے دورے کریں گے، لاڑکانہ میں صوبائی اسمبلی کی نشست پر دو مرتبہ شکست کھانے کے سوال پر جمیل سومرو کا کہنا تھا کہ جن سیڑھیوں کے بدولت دو مرتبہ اپ سیٹ ہوا وہ سیڑھیاں اب سیاسی حریفوں کو میسر نہیں ہیں لہذا لاڑکانہ کی تمام نشستیں پیپلز پارٹی سو فیصد جیتے گی۔۔۔