واشنگٹن ,پاکستان تحریکِ انصاف نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے قرض پروگرام اور مستقبل میں حکومت کی تبدیلی کی صورت میں اس پر عمل درآمد سے متعلق اپنی حمایت واپس لینے کا عندیہ دیدیا ہے، آئی ایم ایف وفد سے ملاقات کرنے والے پی ٹی آئی کے ذرائع نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے لیے تعاون کی یقین دہانی واضح طور پر صاف اور شفاف انتخابات سے مشروط تھی جو کہ اب دکھائی نہیں دیتے لہذا وہ آئی ایم ایف پروگرام کے لیے اپنی حمایت واپس لے رہے ہیں، اس ضمن میں پی ٹی آئی نے جیل میں قید اپنے بانی چیئرمین کا بیان بھی جاری کیا ہے جس میں عمران خان نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے آئی ایم ایف پروگرام خطرے میں ہے۔