اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں دھند کے باعث بدھ کو بھی مزید 12 پروازیں منسوخ ہو گئیں جس کے بعد چوبیس گھنٹوں میں منسوخ ہونیوالی پروازوں کی تک تعداد 42 ہو گئی۔ اسلام آباد کا فلائٹ آپریشن درہم برہم ہونے کی وجہ سے پی آئی اے کا شیڈول شدید متاثر ہو گیا ہے۔ اسلام آباد سے جدہ پی کے 741، دوحہ پی کے 287 اور دبئی پی کے 233 منسوخ ہو گئی ہیں جبکہ دوحہ سے پشاور کے لیے پی آئی اے کی پرواز پی کے 286 منسوخ بھی کر دی گئی ہے۔ کراچی سے لاہور کے لیے نجی ایئر لائن کی پرواز ای آر 520، 525، کراچی سے اسلام آباد کی نجی ایئر کی پرواز ای آر 504 منسوخ کر دی گئی۔ پی آئی اے کی کراچی سے سکھر کے مابین پروازیں پی کے 536، 537 اور دبئی سے ملتان کے لیے پی آئی اے کی پرواز پی کے 222 جبکہ چین کے شہر نینگ سے کراچی کے لیے کارگو پرواز وائی جی 9143 اور وائی جی 9144 بھی منسوخ کر دی گئیں۔پی آئی اے کی العین سے پہنچنے والی پرواز کی اسلام آباد کے بجائے لاہور میں لینڈنگ کی گئی جبکہ شارجہ اور دبئی سے اسلام آباد کی 5 پروازیں کراچی، لاہور، پشاور اور ملتان اتاری گئیں۔ ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق اسلام آباد سے ملکی اور غیر ملکی 15 پروازوں کی روانگی کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا۔