لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیر اعظم شہباز شریف اور سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے سابق وزیر خزانہ سرتاج عزیز کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرتاج عزیز اپنی ذات میں ایک ادارہ تھے، انکی کمی کبھی پوری نہیں ہو سکتی، پاکستان مسلم لیگ کے لئے انکی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ اپنے تعزیتی پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ سرتاج عزیز کی وفات پر دلی دکھ اور رنج ہے، وہ نواز شریف کے قریبی اور بااعتماد ساتھی تھے، سرتاج عزیز نے تمام عمر قیادت، جماعت اور نظریے کے ساتھ اٹوٹ وابستگی نبھائی۔ان کا کہنا تھا کہ سرتاج عزیز ایک محب وطن، سچے، کھرے پاکستانی اور نہایت شریف انسان تھے، وہ اپنی ذات میں ایک ادارہ تھے، انہوں نے خزانہ اور معاشی محاذوں پر نہایت قابل قدر خدمات انجام دیں۔شہبازشریف نے کہا کہ فاٹا اصلاحات، معاشی، زرعی اور آبی پالیسیوں سمیت گورننس کے مختلف شعبوں میں انہوں نے خلوص اور دیانت سے ملک وقوم کی خدمت کی، ملکی معیشت کو نئی جہتوں سے متعارف کرایا جس سے معیشت کو استحکام اور عوام کو ریلیف ملا۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جس بھی شعبے کی ذمہ داری انہیں ملی انہوں نے اخلاص و محنت کے جذبے سے اس کو نبھایا، سرتاج عزیز نے پوری عمر پاکستان کی تعمیر وترقی میں صرف کی، ان کی کمی کبھی پوری نہیں ہوسکے گی۔صدر ن لیگ نے مزید کہا کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ سرتاج عزیز کے انتقال کی خبر سن کر دِلی دکھ ہوا۔انہوں نے اپنی پوری زندگی بے لوث لگن اور محنت کے ساتھ پاکستان کی خدمت کی۔ پاکستان مسلم لیگ کے لئے انکی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ اللہ تعالی انہیں جنت الفردوس میں جگہ دے اور تمام اہلِ تعلق کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔