کراچی( نمائندہ خصوصی) سیکرٹری بلدیات، ہاﺅسنگ و ٹاﺅن پلاننگ سندھ انجینئر سید نجم احمد شاہ نے کہا ہے کہ کراچی و حیدر آباد کی عوام کے حصے کا پانی چوری کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے، پانی کے بل ادا نہ کرنے والے صارفین کو قانونی نوٹس بھیجے جائیں۔ان خیالات کا اظہار سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ نے اپنے دفتر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں اسپیشل سیکرٹری بلدیات خالد چاچڑ، ڈپٹی کمشنر حیدر آباد، ڈائریکٹر جنرل حیدر آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور واسا کے افسران بھی موجود تھے۔
اس موقع پر سیکرٹری بلدیات سندھ نے کہاکہ کراچی و حیدر آباد کی عوام پہلے کی ناگزیر وجوہات کی بنا پر پانی کی کمی کا شکار ہے، صنعتی و رہائشی علاقوں میں مستقل بنیادوں پر فراہمی آب کے لئے حکومت سندھ رات دن کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر بلدیات و وزیر اعلی سندھ کی بھی خصوصی توجہ عوام کو صاف پانی کی فراہمی پر ہے، لہذا کسی بھی صورت عوام کو پانی چوروں اور مفاد پرست عناصر کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔نجم احمد شاہ نے دوٹوک الفاظ میں پانی کی تقسیم کا نظام شفاف بنانے کی ہدایات دیتے ہوئے گھریلو و کمرشل صارفین کو بل باقاعدگی سے پہنچانے کا حکم دیا اور کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ بروقت تمام علاقوں سے واٹر بورڈ کے بلوں کی ریکوری ہوتی رہے اور جن صارفین کو بلوں کی ادائیگی کرنے سے تکلیف ہوتی ہے ان کو قانونی نوٹس جاری کئے جائیں۔