پشاور ( نمائندہ خصوصی) پشاور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کا انتخابی نشان ”بلا“واپس لینے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ بحال کر دیا اور بلے کے نشان کے خلاف الیکشن کمیشن کی درخواست منظور کرلی ۔پشاور ہائیکورٹ نے اس حوالے سے محفوظ فیصلہ سنا دیا،عدالت نے پی ٹی آئی سے انتخابی نشان ”بلا “ واپس لینے کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا 22 دسمبر کا فیصلہ بحال کر دیا۔ پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کی نظرثانی درخواست پر گذشتہ روز فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات اور انتخابی نشان کیس میں الیکشن کمیشن کی ہائیکورٹ آرڈر پر نظرثانی درخواست پر سماعت ہوئی۔پاکستان تحریک انصاف کے وکیل قاضی انور نے دلائل دیے کہ 26 دسمبر کا جو آرڈر آیا ہے اس پر ابھی تک عمل نہیں کیا گیا۔الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ انہوں نے ہمارے آرڈر پر حکم امتناع لیا ہے ہمیں اس کے خلاف رٹ دائر کرنے کا حق ہے، ان کا کیس یہاں قابل سماعت ہی نہیں انہیں سپریم کورٹ جانا چاہیے تھا۔عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو کہ اب سنا دیا گیا ہے۔پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف بلے کے نشان پر انتخابات میں حصہ نہیں لے سکے گی۔