اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)ایوان بالا میں لیگی سینیٹر نگران وزیر اعظم پر برس پڑی ،سینیٹر سعدیہ عباسی نے بلوچستان کے لاپتہ افرادکے معاملے پر وزیر اعظم کی تقریر کی مذمت کرتے ہوئے اسے ایوان بالا کی توہین قرار دیا۔منگل کے روز سینیٹ اجلاس کے دوران ن لیگی سینیٹر سعدیہ عباسی نے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہاکہ اسلام آباد میں لاپتہ افراد کے حوالے سے جاری دھرنے کے حوالے سے ایوان میں اظہار خیال کیا گیا اور سب اراکین کی رائے تھی کہ ان کے ساتھ مذاکرات کئے جائیں انہوں نے کہاکہ آج ملک کا نگران وزیر اعظم ،چیف جسٹس اور چیرمین سینیٹ کا تعلق بلوچستان سے ہے مجھے افسوس ہوا ہے کہ نگران وزیر اعظم نے پریس کانفرنس میں احتجاج کرنے والوں کو پاکستان کا دشمن قرار دیا اور کہاکہ جو ان کے ساتھ ہمدردی کرتے ہیں وہ ان تنظیموں میں شمولیت اختیار کریں جن پر پابندی ہے انہوں نے کہاکہ یہ بہت افسوسناک ہے کہ ہمارے نگران وزیر اعظم اس طرح کی باتیں کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اس طرح کی گفتگو اس ایوان کی توہین ہے انہوں نے نگران وزیر اعظم کی تقریر کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ پاکستان کے عوام کے حقوق کی توہین ہے اس طرح کی باتوں سے ملک کے عوام کے مسائل حل نہیں ہونگے۔