اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے مواصلات، ریلویز اور بحری امور شاہد اشرف تارڑ نے مالی سال 2023-24 کی پہلی ششماہی کے دوران 41 ارب کی ریکارڈ آمدنی حاصل کرنے پر ریلوے اسٹاف اور انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا ہے۔ پاکستان ریلوے کی آمدن میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 46 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان ریلویز نے پہلے چھ ماہ میں مسافر ٹرینوں سے 24 ارب اور مال بردار ٹرینوں سے 11.5 ارب کی آمدنی حاصل کی۔ دیگر شعبوں سے آمدن تقریباً 5 ارب روپے تھی۔ ریونیو میں اضافہ پاکستان ریلوے کی انتظامیہ کی جانب سے متعارف کرائی گئی موثر اصلاحات اور ریلوے ملازمین کی انتھک محنت اور لگن کا نتیجہ ہے۔وزارت ریلوے نے محکمہ میں آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے گزشتہ سال سے متعدد اصلاحات متعارف کروائی ہیں۔ ERP کے متعارف ہونے سے ہیومن رسورز منیجمنٹ میں بہتر کارکردگی اور مالی معاملات میں شفافیت آئی ہے۔ رابطہ ایپ کے اجراء نے مسافروں کے لیے سفری انتظام کو آسان بنا دیا ہے۔ اس کے علاوہ پہلی بار لینڈ منیجمنٹ رولز منظور ہوئے جس سے ریلوے کی زمینوں کو بہتر استعمال کر کے ریلوے کے لیے زیادہ سے زیادہ ریونیو جنریٹ کیا جا سکتا ہے۔