اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) پاکستان کے معروف ٹیلی کام آپریٹرزونگ فورجی نے پاکستان بیت المال کے’مرکز برائے ترقی خواتین‘ میں جدید ترین ڈیجیٹل لیب قائم کرنے کاعمل شروع کردیاہے۔پاکستان بیت المال ایک سماجی بہبود کی تنظیم ہے جسے حکومت پاکستان نے 1992 میں غریبوں کو مالی امداد فراہم کرنے کے لیے تشکیل دیا تھا۔ 1995 سے، ’خواتین کو بااختیار بنانے کے مراکز‘ کی تشکیل نے ملک بھر میں خواتین کے لیے فلاحی اور تعلیمی کورسز کو فروغ دیا ہے تاکہ وہ زندگی میں کامیابی حاصل کر سکیں۔اس شراکت داری کا مقصد زونگ فورجی کے پروگرام برائے پائیدار ترقی کو فروغ دیناہے جسے معاشرے کی فلاح وبہبود کو فروغ دینے کے لیے متعارف کرایا گیا تھا۔زونگ فورجی پاکستان میں ڈیجیٹل ایجوکیشن کو فروغ دینے اور اسے سب کے لیے قابل رسائی بنانے کی ایک کوشش ہے۔ڈیجیٹل شمولیت کے بنیادی مقصد کو لے کر یہ تعاون تقریباً 100 خواتین کی ڈیجیٹل تعلیم تک بلاروک ٹوک رسائی فراہم کرنے میں مدد دے گا۔زونگ فورجی کے آفیشل ترجمان نے اس شراکت داری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ،”ایک اورشراکت داری کے کامیاب اجراء پر ہمیں خوشی ہے جو کہ پاکستان میں خواتین کے لیے ڈیجیٹل ایجوکیشن کو فروغ دینے میں مدد کرے گی۔زونگ فورجی ڈیجیٹل ایجوکیشن تک رسائی کو اپنی ذمہ داری سمجھتا ہے اور پاکستان میں ڈیجیٹل شمولیت میں انقلاب لانے میں معاونت کرنا چاہتا ہے۔“زونگ فورجی پاکستان میں ڈیجیٹل انقلاب کی راہ ہموار کرنے کے لیے کوشاں ہے اور یہ اقدامات اس عمل کا لازمی حصہ ہیں۔زونگ فورجی کا مقصد پاکستان کے اندر ڈیجیٹل لیبارٹریز کی تعداد بڑھانا ہے تاکہ پاکستان میں ہر طالب علم کوجدیداور بہترین ڈیجیٹل ایجوکیشن تک بلاتعطل رسائی یقینی بنائی جاسکے۔