اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہاہے کہ قائداعظم کی 11 اگست 1947ءکی تقریر ہمارے لئے مشعل راہ ہے،ہمارا آئین وفاقی جمہوریت پر مبنی ہے۔ یوم قائداعظم پر فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے زیر اہتمام منعقدہ تقریری مقابلہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے حوالے سے بچوں نے خوبصورت تقاریر کیں، قائداعظم کی تعلیمات پر عمل درآمد سے ہی ملک ترقی کر سکتا ہے، قائداعظم کے دیئے گئے بنیادی اصولوں میں ہی ترقی کے راز پوشیدہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے ہمیشہ قانون کی حکمرانی پر یقین رکھا، آئین و قانون کا احترام کرنا ہم سب پر لازم ہے، قائداعظم نے ہمیشہ قانون کی حکمرانی کا سبق دیا، قائداعظم کی 11 اگست 1947ء کی تقریر ہمارے لئے مشعل راہ ہے، قائداعظم کی تعلیمات کے مطابق تمام شہری برابری کا درجہ رکھتا ہے قائداعظم ہمیشہ پرامن سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتے تھے، ہمارا آئین وفاقی جمہوریت پر مبنی ہے، پاکستان کے آئین کی تمہید میں لکھا ہے کہ یہ ملک اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے، موجودہ نگران حکومت آئین کے آرٹیکل 224 کی پیداوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری 2024ء کو جب انتخابات ہوں گے تو یہ ملک اپنی منزل کی طرف چلے گا، تمام بچوں اور بچیوں کو مبارکباد دیتا ہوں ہماری مشکلات کا حل جمہوریت، مذاکرات اور قانون کی حکمرانی میں ہے ۔