کراچی (نمائندہ خصوصی)نگراں صوبائی وزیر اطلاعات، اقلیتی امور، سماجی تحفظ و صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کرسمس کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کے ہمراہ کراچی کے تاریخی گرجا گھر سینٹ پیٹرک کیتھڈرل اورHoly Trinity Cathedral Church کا دورہ کیا اور کرسمس ڈے کی مناسبت سے مسیحی برادری کے ہمراہ کیک بھی کاٹا۔ نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کتنا حسین اتفاق ہے کہ آج ہم دو خوشیاں ایک ساتھ منا رہے ہیں، آج بابائے قوم کی سالگرہ بھی ہے اور کرسمس کا تہوار بھی، آج ہمارے لیے معتبرک دن ہے، حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تکریم، عقیدت اور محبت مسلمانوں کے دلوں میں کم نہیں ہے، میں آج مسیحی برادری کے اسی احساس اور جذبات کی ترجمانی کے لیے یہاں حاضر ہوا ہوں، قائد کے رہنما اصول بھی یہی ہیں کہ ملک میں مذہبی ہم آہنگی کو پروان چڑھایا جائے، انہوں نے کہاکہ ہم مکمل طور پر مسیحی بھائیوں کی خوشیوں میں شریک ہیں، میں یقین دلاتا ہوں کہ آئندہ بھی سیکورٹی اور دیگر معاملات میں بھرپور تعاون جاری رکھیں گے، اس موقع پر نگران صوبائی وزیر اطلاعات ، اقلیتی امور، سماجی تحفظ نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ سندھ حکومت اور اس کی پوری انتظامیہ مسیحی برادری کے ساتھ ہے، نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر آپ کی خوشی میں شریک ہونے کے لیے آج یہاں موجود ہیں، ہمارا تعاون ہمیشہ آپ لوگوں کے ساتھ ہے،بشپ ٹرینیٹی فریڈرک جان نے کہاکہ آج کرسمس کا تہوار ہے، مسیحی برادری کراچی میں بڑھ چڑھ کر یہ تہوار منا رہی ہے، خوشی ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ اور اقلیتی امور کے وزیر ہماری خوشیوں میں شریک ہوئے، ماضی میں مسیحی برادری کے بہت دل دکھے لیکن اب جس طرح سندھ حکومت ہماری سیکیورٹی کا خیال رکھتی ہے وہ قابل ستائش ہے۔