اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ مسیحیوں اور اقلیتوں کی عبادت گاہوں کا تحفظ میرے ایمان کا حصہ ہے۔ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے وزارت انسانی حقوق کے زیراہتمام بین المذاہب ہم آہنگی اور کرسمس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتا ہوں۔ انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ تمام انبیا ہمارے لئے قابل احترام ہیں، پاکستان ہر طرح کی شدت پسندی کی مذمت کرتا ہے، پاکستان کو دہشت گردی کے چیلنجز کا سامنا ہے، قائداعظم محمد علی جناح دور اندیش تھے جنہوں نے مستقبل کے حالات کو جان لیا تھا، ہندوتوا کو بھانپتے ہوئے قائداعظم نے الگ وطن کے لئے جدوجہد کی اور کامیاب ہوئے۔ نگران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتیں محفوظ ہیں، ہندو، سکھ، عیسائی اور دیگرمذاہب کے ماننے والوں کے حقوق برابر ہیں، مسیحی برادری نے تعلیمی میدان میں اہم خدمات انجام دی ہیں، آزادی اظہار رائے اور نفرت کی زبان میں فرق ہوتا ہے۔ انوارالحق کاکڑ نے مزید کہا کہ ملک میں اظہار رائے کی آزادی ہے مگرنفرت پھیلانے کی نہیں، ملک کی ترقی کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔