اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پی ٹی آئی رہنماءاعظم خان سواتی نے نواز شریف کے مقابلے میں الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق 9 مئی واقعات میں روپوش پی ٹی آئی رہنماءاعظم سواتی نے لیگی قائد نواز شریف کے مقابلے میں انتخاب لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا پیج پر اعظم سواتی کی ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں اعظم سواتی نے مانسہرہ سے قومی اسمبلی کے حلقے میں نواز شریف کے مقابلے میں الیکشن لڑنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے کرپشن اور ملکی دولت لوٹ کر بیرون ملک جائیدادیں بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے این اے 15مانسہرہ سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑنے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں،اگر پی ٹی آئی نے مجھے ٹکٹ دیا تو نواز شریف کا مقابلہ کروں گا،مانسہرہ کی غیور عوام، مائیں بہنیں اور بھائی 8فروری کو مجھے اور پی ٹی آئی کو جتوا کر اپنا پیغام دیں گے۔