اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے عام انتخابات میں حصہ لینے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے ایڈووکیٹ لطیف کھوسہ کے ذریعے توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ انتخابات سے قبل مجھے نااہل کرنا میرے بنیادی حقوق کے خلاف ہے۔درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے جلد بازی کا مظاہرہ کرکے مجھے 8اگست کو آرٹیکل 62ون ایف کے تحت پانچ سال کیلئے نااہل قرار دیا، جبکہ پی ٹی آئی کو انتخابی نشان ‘بلے’ سے بھی محروم کر دیا گیا ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور توشہ خانہ کیس میں سزا کا فیصلہ معطل کیا جائے، توشہ خانہ کیس میں سزا پہلے ہی معطل ہوچکی ہے، لیکن ہائی کورٹ نے صرف سزا معطل کی پورا فیصلہ نہیں، ہائی کورٹ فیصلے میں غلطی کا الیکشن کمیشن نے فائدہ اٹھایا اور نااہلی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ انتخابات قریب ہیں، بانی پی ٹی آئی ملک کے سابق وزیراعظم ہیں، ملک کی سب سے بڑی جماعت کے لیڈر کو انتخابات سے باہر نہیں رکھا جا سکتا، سپریم کورٹ توشہ خانہ کیس میں سزا پر مبنی فیصلہ معطل کرے تاکہ انتخابات میں حصہ لیا جا سکے۔