اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مزمل اسلم نے کہا ہے کہ یکم جولائی سے پیٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مزمل اسلم نے وزیراعظم شہباز شریف کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت دھوکا دینے کےلئے ٹرن ارآونڈ کانفرنس کر رہی ہے، شہباز اسپیڈ کی سپیڈ نے ملکی معیشت کو ریورس گیئر لگا دیا ہے۔مزمل اسلم نے کہا کہ مفتاح اسماعیل اور شہباز شریف کو ملک کی خودداری کا احساس نہیں ، احساس ہوتا توآئی ایم ایف کی منتیں نہ کرتے۔
انہوںنے کہاکہ3 ہفتے میں 3 بجٹ نہ پیش کرتے، امپورٹڈ حکومت نے پیٹرول84 فیصد اورڈیزل کی قیمت 56 فیصد بڑھا دی۔رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ یکم جولائی پیٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو جائے گا، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ،شرح سود کو بڑھا دیا گیا۔ انہوںنے کہاکہ بجٹ میں ٹیکسوں کی بھرمار کر کے عام آدمی کی کمر توڑ دی گئی۔وزیر خزانہ پر تنقید کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ مفتاح اسماعیل نے کہا مزید خسارے کا بجٹ نہیں دے سکتے، کیا مفتاح اسماعیل نے اس سال سرپلس بجٹ دیا ہے؟ امپورٹڈ سرکار نے 5ہزار ارب خسارے کا بجٹ پیش کیا،موجودہ بجٹ پاکستان کی تاریخ کا سب سے زیادہ خسارے والا بجٹ ہے۔