اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سائفر کیس میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو بڑا ریلیف مل گیا۔ عدالت نے دس دس لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانتیں منظور کرلی۔ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ بانی پی ٹی آئی پر جرم ثابت نہیں ہوا وہ معصوم ہیں۔ قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود نے بو لے شاہ محمود سمجھدار تھے خود بچ گئے اور بانی پی ٹی آئی کوکہا کہ سائفر پڑھ دو ۔قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ضمانتوں کی درخواست پر سماعت کی۔بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ ٹرائل کورٹ نے جلد بازی میں 13 گواہان کے بیانات ریکارڈ کر لیے ہیں، جس پر قائم قام چیف جسٹس سردار طارق مسعود نے کہا کہ اسپیڈی ٹرائل ہر ملزم کا حق ہوتا ہے، آپ کیوں چاہتے ہیں ٹرائل جلدی مکمل نہ ہو؟جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ وزارت خارجہ سائفر سے متعلق حکومت کو آگاہ کرتی ہے تاکہ خارجہ پالیسی میں مدد مل سکے۔ آفیشل سیکریٹ ایکٹ کا مقصد ہی یہی ہے کہ حساس معلومات باہر کسی کو نہ جا سکیں۔وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ دیکھنا یہی ہے کہ حساس معلومات شیئر ہوئی بھی ہیں یا نہیں ۔جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ اصل سائفر تو وزارت خارجہ میں ہے اگر وہ باہر گیا ہے تو یہ دفتر خارجہ کا جرم ہے ۔وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ سابق وزیراعظم نے جلسے میں کہا تھا میرے پاس یہ خط سازش کا ثبوت ہے ، جلسے میں کہیں نہیں کہا کہ سائفر میں کیا ہے اور کہاں سے آیا ہے۔ جسٹس اطہر من اللہ نے سائفر کیس پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ تفتیشی کو کیسے پتہ چلا بنی گالہ میں میٹنگ ہوئی تھی؟ کیاتفتیشی نے اعظم خان کی گمشدگی پر تحقیقات کیں؟ دفتر خارجہ سائفر وزیراعظم کو بھی دے سکتا ہے؟ الیکشن آنے والے ہیں اور بانی پی ٹی آئی بڑے سیاسی لیڈر ہیں، یہ بتائیں کیا ان کے باہر آنے سے سوسائٹی کو کوئی خطرہ ہے؟سلمان صفدر نے کہا کہ سابق وزیراعظم کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، رانا ثنااللہ نے بطور وزیر داخلہ ایف آئی اے کو تحقیقات کرنے کا کہا ۔جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کیا وزرائے اعظم کو وقت سے پہلے باہر نکالنے سے ملک کی جگ ہنسائی نہیں ہوتی؟ کیا وزرائے اعظم کو وقت سے پہلے ہٹانے پربھی آفیشل سیکریٹ ایکٹ لگے گا؟جسٹس منصور علی شاہ نے کہا یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ سپریم کورٹ ضابطہ فوجداری کی بنیاد پربنیادی حقوق نا دیکھ سکے۔ ۔دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے سابق وزیر اعظم اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور کرلی۔