پشاور (نمائندہ خصوصی) چیئرمین پی ٹی آئی پی پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اعظم خان کی وجہ سے پی ٹی آئی کو نقصان ہوا وہی عمران کی حکومت چلا رہے تھے، عثمان بزدار کو وزیراعلی بنانے کی منطق سمجھ نہیں آئی،انتخابات میں جس کے پاس اچھے امیدوار ہوں گے، حکومت اسی کی آئے گی۔ ایک بیان میں سربراہ پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز پرویز خٹک نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت اعظم خان چلا رہے تھے وہی پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان میں آئی جیز اور چیف سیکرٹریز لگاتے تھے،جس بیوروکریٹ کو اختیارات دیئے آج وہی وعدہ معاف گواہ بن گیا، اعظم خان کی وجہ سے پی ٹی آئی کو نقصان ہوا۔انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار پی ٹی آئی میں تھے ہی نہیں، وہ آزاد حیثیت سے الیکشن جیتے تھے، انہیں وزیراعلی بنانے کی منطق سمجھ نہیں آئی۔انہوں نے کہا کہ عمران خا ن کو وزارتِ اعلی پنجاب کیلئے ایسا بندہ چاہئے تھا جو ان کی ہاں میں ہاں ملائے، عثمان بزدار نے چار سال میں پنجاب کا بیڑا غرق کردیا۔ انہوں نے کہا ک عمران خان کسے آرمی چیف بنانا چاہتے تھے معلوم نہیں، اس کا فیصلہ انہوں نے ہی کرنا تھا،فوج کا اپنا طریقہ کار ہے جوسب سے سینئر تھے وہ آرمی چیف بن گئے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات میں جس کے پاس اچھے امیدوار ہوں گے حکومت اسی کی آئے گی۔