لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے بھی عام انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ بڑھانے کا مطالبہ کر دیا۔ خیال رہے کہ بدھ کے روز متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور جمعیت علماءاسلام (جے یو آئی) نے بھی الیکشن کمیشن سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا تھا۔ جمعرات کے روز (ن) لیگ کے رہنما اور سینیٹر اسحاق ڈار نے تاریخ میں دو روز اضافہ کیلئے الیکشن کمشن کو خط لکھا ہے۔ اسحاق ڈار کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ امیدواروں کو سہولت دینے کے لیے تاریخ میں اضافہ کیا جائے، تاریخ بڑھانے سے الیکشن ڈے میں کوئی فرق نہیں آئے گا۔ خیال رہے کہ پاکستان بھر میں عام انتخابات کے لئے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی وصول اور جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ الیکشن کیمشن کی جانب سے آخری تاریخ 22 دسمبر مقرر کی گئی ہے۔