ڈی آئی خان(نمائندہ خصوصی)سکیورٹی اداروں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کارروائی کرتے ہوئے ایک ہفتہ قبل سکیورٹی فورسز کے کمپاونڈ پر ہونے والے حملے کے ماسٹر مائنڈ اور 7 سہولت کاروں سمیت 9 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔دستاویزات کے مطابق دہشتگرد حملے میں ملوث ماسٹر مائنڈ کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ درابن سے ہے جبکہ حملے میں ملوث 6 دہشتگرد افغانستان سے تعلق رکھتے ہیں۔ڈیرہ اسماعیل خان میں خودکش حملہ کرنے والے دہشتگرد حسن عرف شاکر کا تعلق افغانستان سے ہے، جس نے حملے سے قبل ویڈیو بھی جاری کی تھی جبکہ حملے میں ہلاک دوسرے خودکش حملہ آور صفت اللہ مروت کا تعلق امارت اسلامی افغانستان سے ہے۔دستاویزات کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی گنڈاپور گروپ کے 5 دہشتگرد بھی اس حملے میں ملوث تھے، دہشتگردوں کے پاس سے امریکی ساختہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔یاد رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان حملے میں 22 اہلکار شہید جبکہ 29 زخمی ہوئے تھے جبکہ حملے میں 2 خودکش حملہ آوروں سمیت دیگر 2 دہشتگرد بھی ہلاک ہوئے تھے۔