اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)نگران وزیر اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نوجوان نسل قوم کا مستقبل ہے،ان کی فلاح وبہبود اولین ترجیح ہے،نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے وزیر اعظم یوتھ پروگرام کا جائزہ اجلاس کی صدارت کی ،اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی ایم اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 2013 سے اب تک 550,000 افراد کو تربیت فراہم کی گئی ہے ؛ اگلے مرحلے میں 56,000 افراد کو تربیت دی جائے گی جس میں بڑا حصہ ہائے ٹیک اسکلز کا ہو گا،پی ایم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت 2013 سے جون 2023 تک 500,000 لیپ ٹاپس نوجوانوں میں تقسیم کئے گئے،پی ایم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت 2013-2023 تک نوجوانوں کو 100.7 بلین روپے کے آسان قرضے فراہم کئے گئے ،پی ایم ٹیلنٹ ہنٹ اینڈ اسپورٹس لیگ کے تحت 83,323 نوجوانوں کو بیڈمنٹن، فٹبال ، اسکواش, والی بال اور دیگر کھیلوں میں آگے بڑھنے کا موقع دیا گیا ،پی ایم یوتھ ڈویلپمنٹ پیکج 2023-24 میں 80 ارب روپے کی اسکیمز رکھی گئی ہیں ،ان اسکیمز میں ایجوکیشن انڈومینٹ فنڈ، ویمن امپاورمنٹ، بزنس اینڈ ایگریکلچر لون ٹیوب ویل سولرآئیزیشن، لیپ ٹاپس اسکیم ، اسپورٹس انڈومینٹ فنڈ, گرین ریولوشن ، ڈیجیٹل ہب، ون ونڈو شامل ہیں ،وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوان نسل قوم کا مستقبل ہے، نوجوانوں کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے ،یوتھ پروگرام کے تحت قرضہ جات کی تقسیم میں انتہائی ذمہ داری اور احتیاط سے کام لیا جائے ۔