لاہور (نمائندہ خصوصی) سابق وزیراعظم وپاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے پارٹی ٹکٹ کے تمام درخواست گزار امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت کردی ، الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے کاغذات نامزدگی کے اجرااور جمع کرانے کے شیڈول کا اعلان ہونے کے پیش نظر یہ اقدام کیاگیا ہے۔ پارٹی کے مرکزی شعبہ نشرواشاعت کی طرف سے جاری کردہ بیان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ملک بھر میں امیدواروں کو قومی وصوبائی اسمبلی کے تمام حلقوں پر اپنے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی اجازت دیتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ امیدوار متعلقہ ریٹرنگ افسران کو اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائیں۔ پارٹی صدر شہبازشریف نے ہدایت کی ہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کو پارٹی کے متعلقہ ضلعی صدر کو 22دسمبر تک حلف نامہ جمع کرانا ہو گا کہ پارٹی ٹکٹ جاری نہ ہونے کی صورت میں وہ اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیں گے اور حلقے میں مسلم لیگ (ن) کے نامزد کردہ امیدوار کی بھرپور حمایت کریں گے۔یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ نے ملک بھر سے پارٹی ٹکٹ کے لئے درخواست دینے والے امیدواروں کے ناموں پر غور مکمل کرلیا ہے اور اب پارٹی قیادت حلقہ وار امیدواروں، مخصوص نشستوں پر ناموں کا حتمی فیصلہ کرے گی۔ حتمی فیصلے کے بعد پارٹی ٹکٹ جاری کئے جائیں گے۔