راولپنڈی(نمائندہ خصوصی) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی تین حلقوں سے الیکشن لڑیں گے ،میانوانی، لاہور اور اسلام آباد کے حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے، انکا کہنا ہے الیکشن کا اعلان ہوچکا ہے، ہم چاہتے ہیں الیکشن وقت پر ہوں۔ الیکشن کمشنر کو ہٹایا جائے یہ ہمارا مطالبہ نہیں ہے، ہمارے امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھینے جا رہے ہیں، اڈیالہ جیل میں شاہ محمود قریشی کے سیکرٹری سے ان کے کاغذات نامزدگی چھینے گئے ہیں۔ اگر لوگوں سے کاغذات نامزدگی چھینے گئے تو صاف و شفاف الیکشن کا تاثر ختم ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے جمعرات کو کاغذات نامزدگی دستخط کرائیں گے۔ مجھے آج جیل میں سادہ کاغذ لے جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ الیکشن کمیشن یقینی بنائے کہ الیکشن صاف و شفاف ہوں گے۔ بانی پی ٹی آئی تین حلقوں میانوالی، لاہور اور اسلام آباد سے الیکشن لڑیں گے۔بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف ایمپائر کے ساتھ ہمیشہ مل کر ساتھ کھیلتے ہیں، اس بار ہمارے امیدواروں کو میدان میں ہی اترنے نہیں دیا جارہا۔ ہمارا ہمیشہ مطالبہ رہا ہے کہ الیکشن وقت پر ہوں۔ ہم نہیں چاہتے کہ اس وقت الیکشن کمشنر کو ہٹایا جائے نہ ہمارا یہ مطالبہ ہے۔ہمیں خدشہ ہے کہ اگر ہمارے لوگوں کو روکا گیا تو حالات خراب ہو جائیں گے۔ ہم نہیں چاہتے حالات خراب ہوں۔ ہم بار بار کہہ رہے ہیں لیکن ہمیں کنونشن کرنے نہیں دے رہے، اگر 25 کروڑ عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالا جارہا ہے تو چیف جسٹس کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ ٹکٹوں کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی سے مشاورت چل رہی ہے، اس میں مزید وقت بھی لگ سکتا ہے۔