کراچی(نمائندہ خصوصی) پولیس نے رہنما پاکستان تحریک انصاف حلیم عادل شیخ کو مزید 3 مقدمات میں گرفتار کرلیا۔حلیم عادل شیخ کو تھانہ فیروز آباد میں 2022 کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے جب کہ تھانہ ملیر سٹی اور نیو ٹاؤن تھانے میں درج مقدمات میں بھی انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے تینوں تھانوں کے تفتیشی افسران کو جیل میں تحقیقات کی اجازت دے دی ہے۔خیال رہےکہ حلیم عادل شیخ کی 9 مئی کے مقدمات میں ضمانت منظور ہوچکی ہے۔دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ میں حلیم عادل شیخ کی ممکنہ گرفتاری اور خفیہ انکوائریوں کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی جہاں ایف آئی اے اور ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ نے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگ لی۔عدالت نے ڈی جی ایف آئی اے اور ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ سے آئندہ سماعت پر تحریری جواب طلب کرلیا۔عدالت نے حلیم عادل شیخ کو کسی بھی گمنام ایف آئی آر اور انکوائری میں گرفتار کرنے سے روک رکھا ہے، عدالت نے اجازت کے بغیر حلیم عادل شیخ کو گرفتار نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔