بہاول پور(نمائندہ خصوصی) سابق صدر بہاول پورچیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹر ی شیخ عباس رضا نے کہاہے کہ پٹرولیم مصنوعات میں واضح کمی کے باوجود بہاولپور سمیت پنجاب بھر میںٹرانسپورٹرز نے کرایہ کم نہیں کئے جس سے مسافروں اورکنڈیکٹروں میں لڑائی جھگڑے معمول بن گئے ہیں۔ٹرانسپورٹرز مافیا اورریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی ملی بھگت کی وجہ سے پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے باوجود نئے کرایہ نامہ جاری نہیں کئے جاسکے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ مہنگائی کی ستائی ہوئی عوام پہلے ہی پریشانی میں مبتلا ہے اور ٹرانسپورٹرز پٹرولیم مصنوعات میں کمی ہونے کے باوجود پرانے کرائے وصول کررہے ہیں، جب پٹرول وڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو ٹرانسپورٹرز فوری طور پر کرائے بڑھا دیتے ہیں جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہونے پر کرائے میں کمی نہیں کرتے اور اس کا ملبہ ضلعی انتظامیہ اورریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی پرڈال دیتے ہیں کہ حکومت کی طرف سے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد کرایوں میں کمی کی جائیگی جس کی وجہ سے مسافروں اورکنڈیکٹرزمیں لڑائی جھگڑے ہورہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ اورریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز فوری طو رپر ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کرے تاکہ حکومت کی طرف سے ملنے والا ریلیف عام عوام تک پہنچ سکے۔