اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اسٹیٹ لائف نے صحت سہولت پروگرام سے متعلق وفاقی علاقوں میں پینل اسپتالوں کو خط لکھ دیا۔ اسٹیٹ لائف کی جانب سے وفاقی علاقوں میں صحت سہولت پروگرام کے تحت نئے مریض داخل نہ کرنےکی ہدایت کی گئی ہے۔ اسٹیٹ لائف کے خط میں کہا گیا ہےکہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے پونے 2 کروڑ افراد صحت کی سہولتوں سے محروم ہیں، پنجاب حکومت کی وفاقی علاقوں میں صحت سہولت پروگرام کی فنڈنگ ناکافی ہے، وفاقی حکومت نے صحت سہولت پروگرام کے لیے کئی مہینوں سے فنڈ جاری نہیں کیے۔ اسٹیٹ لائف کاکہنا ہےکہ صرف انتہائی ایمرجنسی کے مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کی جائے، جن مریضوں کا علاج چل رہا ہے ان کو بدستور علاج کی سہولت مہیا کی جائے۔ اسٹیٹ لائف کے مطابق پنجاب میں صحت سہولت پروگرام کے تحت علاج کی سہولیات جاری رہیں گی۔ دوسری جانب پنجاب حکومت کا کہنا ہےکہ ہم نے اسٹیٹ لائف سےکہا ہے کہ وفاق کے مریضوں کا بوجھ ہم پرنہ ڈالیں۔