کوئٹہ (نمائندہ خصوصی)سابق نگراں وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے پاکستان پیپلز پارٹی میں باضابطہ شمولیت اختیار کرلی۔کوئٹہ میں آصف علی زرداری نے سرفراز بگٹی کو پی پی میں شمولیت پر پارٹی پرچم والا مفلر پہنایا اور شریک چیئرمین نے ورکرز کنونشن میں میر سرفراز بگٹی کی پی پی میں شمولیت کا خیر مقدم کیا۔سرفراز بگٹی نے تربت میں پی پی پی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کیا اور کہا کہ قائد محترم آصف زرداری نے مجھے تربت آکر پیپلز پارٹی جوائن کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ میں اس سرزمین پر پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہا ہوں۔سابق نگراں وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اس میں دو رائے نہیں کہ بلوچستان پسماندہ ہے اور یہاں امن و امان کا مسئلہ ہے، ساتھ ہی کسی کی جان لینا بھی بلوچی روایت نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کی قیادت میں اس خطے میں امن کا سورج طلوع ہوگا، سندھ میں ضلع کو ضلع سے جوڑا اور سڑکوں کا جال بچھایا گیا سابق صدر آج وعدہ کر کے جائیں کہ تربت میں سکھر کی طرز کا اسپتال بنایا جائے گا۔سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ آپ کی قیادت میں پیپلز پارٹی کو پروگریسیو جماعت بنائیں گے، پی پی وہ جماعت ہے، جو پاکستان کے خلاف بیانیہ چیلنج کرے گی۔سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے جیالے بلوچستان میں بھی حکومت بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نفرت اور قوم پرستی کی سیاست نے ہمیں کچھ نہیں دیا، تربت سے قوم پرستی کی سیاست کو شکست دینے کا آغاز کر رہے ہیں۔ خیال رہے کہ سرفراز بگٹی نے گزشتہ ہفتے نگران وفاقی وزارت سے استعفی دے دیا تھا۔