کراچی (نمائندہ خصوصی )پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسو سی ایشن کے تحت کراچی ایکسپو سینٹر میں پانچ روزہ اٹھارویں عالمی کتب میلہ میں اتور کے روز طلباءو طالبات اورشہریوں کی آمد کے تمام سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے، نمائش میں تل دھرنے کی جگہ نہ رہی، ایک اندازے کے مطابق اتوارکے روز ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد نے عالمی کتب میلے میں شرکت ہوئی۔آج بروز پیرکراچی عالمی کتب میلے کا آخری دن ہے۔عالمی کتب میلے میں الخدمت کی جانب سے طلبہ و طالبات اور شہریوں کے لیے منرل واٹر کی موبائل سروس بھی موجود تھی۔ عالمی کتب میلے میں سیاسی، مذہبی، علمی، ادبی، وکلاء، ججز سمیت دیگر شعبہ ہائے شخصیات کی آمد کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔پبلشرز اور بک سیلرز کی جانب سے اتوار کے روز شہریوں کے لیے کتب پر خصوصی رعایت بھی دی گئی۔ کراچی عالمی کتب میلے میں 1لاکھ 40ہزار سے زائد کتب موجود ہے۔اتوار کے روز ہونے کے باوجود صبح سے ہی کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع سے بھی طلبہ اور شہریوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔عالمی کتب میلے میں مصنفین کی جانب سے ادبی کتب کی رونمائی ہوئی جبکہ مختلف پبلشرز کی جانب سے علمی و ادبی شخصیات کی حوصلہ افزائی کے لیے سمینار کا اہتمام کیا گیا۔ عالمی کتب میلے میں آنیوالے شہریوں کا کہنا تھا کہ عالمی کتب میلے کا ایک فائدہ یہ ہے کہ سستی اور تمام شعبہ جات پر مبنی کتب مہیا ہوجاتی ہے اور بچوں کی کتب بھی مل جاتی ہے۔ اس میلے کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے اس کتب نمائش کا پورے سال انتظار کرتے ہیں تاکہ بچوں اور اپنے لیے کتب لے جائیں۔ طلبہ کے لیے مختلف سرگرمیوں میں کوئز، ٹیبلو اور دیگر مقابلے جاری رہے۔پانچ روزہ عالمی کتب میلہ کا کل بروز پیر آخری روز ہوگا۔ عالمی کتب میلے کی انتظامیہ کی جانب سے معذور افراد کو کتب میلے کے داخلے کے دوران ویل چیئر کا بھی انتظام دیکھنے کو ملا۔ شہریوں نے عالمی کتب میلے کی انتظامیہ کے رویہ کی تعریف بھی۔ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی اسکول و مدرسہ کے طلبہ کی بڑی تعداد نے کتب نمائش میں شرکت کی۔