پشاور (نمائندہ خصوصی) سینئر لیگی رہنماءسردار مہتاب خان عباسی نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف سے اختلاف اصولی ہیں، سیاسی جماعتوں میں جمہوریت ہونی چاہئے مگر (ن) لیگ میں منافقانہ سوچ، رویہ اہم ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک بیان میں سینئر لیگی رہنماءو سابق گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب خان عباسی نے پارٹی کی صوبائی قیادت پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ (ن) لیگ پنجاب تک محدود ہو کررہ گئی ہے،صوبہ میں لیگی قیادت اپنی ذات کا سوچتی ہے، میرے مریم نوازسے نہیں،نوازشریف سے اصولی اختلاف ہیں،ان کے پاس کمزور ٹیم ہے جبکہ معاشی بحران کا حل مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعتوں میں جمہوریت ہونی چاہئے مگر(ن) لیگ میں منافقانہ سوچ اور رویہ اہم ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں حلقہ این اے 16 خیبرپختونخوا سے آزاد حیثیت میں انتخابات میں حصہ لوں گا۔ انہوں نے کہا کہ موجود حلقہ بندیاں بھی میرے خلاف سازش ہیں، پارٹی میں ایسے لوگ شامل ہوگئے ہیں جو منافقانہ رویہ رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کا خیبر پختونخوا میں ڈھانچہ ختم ہوچکا ہے، سیاسی جماعتوں کا منشور مارکیٹنگ سے زیادہ کچھ نہیں ہے۔