اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہر نقوی کو مِس کنڈکٹ ریفرنس میں جواب جمع کرانے کے لیے یکم جنوری تک مہلت دے دی۔ سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہر نقوی کو مِس کنڈکٹ ریفرنس میں جواب جمع کرانے کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ یکم جنوری کے بعد مہلت نہیں ملے گی، اگر جسٹس مظاہر نقوی کا جواب تسلی بخش ہوا تو کونسل کارروائی ختم کر دے گی۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ اپنے ساتھی جج کے خلاف کارروائی کرنا بہت تکلیف دہ عمل ہوتا ہے، ہمیں اچھا نہیں لگتا کہ ساتھی جج کو کٹہرے میں کھڑا کرکے سوال جواب کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آڈیو لیکس میں دیکھنا ہوگا کہ آڈیوز درست ہیں یا نہیں، آج کل تو کوئی بھی آڈیوز توڑ مروڑ کر بنا دیتا ہے۔ جسٹس مظاہر نقوی کی درخواست پر سپریم جوڈیشل کونسل نے کارروائی بھی اوپن کر دی اور مزید سماعت 11 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔