کراچی(ایجوکیشن رپورٹر ) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2022ء کے نویں روز صبح اور شام کی شفٹوں میں سائنس پری انجینئرنگ اور پری میڈیکل گروپس کا کیمسٹری پرچہ دوم، سائنس جنرل کا اسٹیٹسٹکس پرچہ دوم، ہوم اکنامکس کا اپلائیڈ آرٹس اور کامرس ریگولر و کامرس پرائیویٹ گروپس کے انگلش نارمل پرچہ اول اور انگلش ایڈوانسڈ پرچہ اول لیے گئے۔چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین اور ناظم امتحانات انور علیم خانزادہ نے امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔
چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے نائب ناظم امتحانات زاہد رشید، آئی او سی زرینہ راشد اور پروفیسر فرزانہ خان پر مشتمل ٹیم کے ہمراہ سینٹ جوزف گرلز ڈگری کالج، گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج پنجابی کلب لائٹ ہاؤس، گورنمنٹ گرلز ڈگری کراچی کالج اور پی ای سی ایچ ایس گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کا دورہ کر کے امتحانی عمل اور امتحانی مراکز پر طلباء کو دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا اور مجموعی طور پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ناظم امتحانات انٹربورڈ کراچی انور علیم خانزادہ نے نائب ناظم امتحانات اسلم چوہان کے ہمراہ پبلک اسکول گڈاپ،بحریہ فاؤنڈیشن ناظم آباد کیمپس، گورنمنٹ کالج فار مین ناظم آباد اور گورنمنٹ ڈگری کالج فار ویمن ناظم آباد کا دورہ کرکے جاری امتحانات کا جائزہ لیا۔ ناظم امتحانات انور علیم خانزادہ نے امتحانی مراکز کے دورے کے دوان پبلک اسکول گڈاپ سے مجموعی طور پر 16 طلباء کو نقل اور موبائل کااستعمال کرتے ہوئے پکڑا۔
ناظم امتحانات نے درج بالا امتحانی مرکز پر ناقص کارکردگی کی بنیاد پر فوری طور پر دو نگران امتحان (invigilators) کو بھی معطل کردیا۔اس کے علاوہ سینئر پروفیسر عذیر مدنی، پروفیسر فیروز صدیقی، پروفیسر منور عباس،پروفیسر ندیم حیدر،پروفیسرعامر الحق اور پروفیسر فرحان قاضی نے بھی چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین کی ہدایت پر مختلف امتحانی مراکز کے دورے کیے۔اس کے علاوہ ویجی لینس آفیسرز کی طرف سے امتحانات کے دوران نقل کے 10کیسز رپورٹ کیے گئے۔