کراچی (نمائندہ خصوصی )کراچی ایکسپو سینٹر میں آنکھوں سے محروم افراد کے لئے ملک کی تاریخ میں پہلی بار ٹیبل کلینڈر متعارف کروا دیا گیا۔ ٹیبل کلینڈر پرشہریوں نے گہری دلچسپی لی ۔ پانچ روزہ کراچی عالمی کتب میلے کے دوسرے روز جمعہ کو بھی کتب بینی کے شوقین افراداور طلبا و طالبات نے بڑی تعدا د میں شرکت کی جس کی وجہ سے تل دھرنے کی جگہ تک نہ تھی ۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق جمعہ کے روز 50ہزار سے زائد افراد نے عالمی کتب میلے میں شرکت کی۔ آج بروز ہفتہ نمائش کا تیسرا دن ہے ۔جمعہ کو نمائش کے دوسرے دن صبح سے ہی اسکولز، کالجز،یونیورسٹیز کے طلبہ و طالبات، اساتذہ اور شہریوں کی بڑی تعداد کتب میلے میں پہنچ گئی ۔ کتب میلے میں ہلال احمر کی جانب سے لگائے گئے اسٹال میں طلبہ کو فرسٹ ایڈ کی آگاہی اور معلومات فراہم کی گئی جبکہ آنکھوں سے محروم افراد کے لئے لگائے گئے اسٹا ل پرپاکستان میں پہلی بار آنکھوں سے محروم افراد کے لیے ٹیبل کلینڈرمتعارف کروایا گیا جو کہ بریل نظام میں تخلیق کیا گیا ہے اس کے علاہ آنکھوں سے محروم افراد کے لیے قرآنی آیات، درود شریف اور دیگر اسلامی و ملی نظموں کی کتابوں پر شہریوں کی توجہ رہی۔ مذکورہ کتب میلے میں خریداروں کی آسانی کے لیے انتظامیہ کی جانب سے اے ٹی ایم وین کے علاوہ ایکسپو کے اندر نجی بینک کی جانب سے اے ٹی ایم کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ جمعہ کو بھی مختلف سماجی، مذہبی،تعلیمی اور ادبی شخصیات نے شرکت کی۔ عالمی کتب میلے میں طلبہ کے لئے ہم نصابی و عملی سرگرمیوں کا سلسلہ بھی رکھا گیا ہے جس میں بھر پور طریقہ سے شہریوں نے شرکت کی۔ ان سرگرمیوں میں اسکول و مدرسہ کے طلبہ کی ذہنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ دورِ حاضر کے والدین کے لیے چیلنجز کے نام سے سمینار بھی منعقد کیا گیا جس میں بچوں کی ذہنی اور عملی صلاحیتوں کے فقدان اور دیگر مسائل پر مکالمے ہوئے۔ اس سمینار میں سابق سینیٹر اور ماہر تعلیم خوش بخت شجا عت نے شرکت کی اور عملی و ہم نصابی سرگرمیوں کی تعریف بھی۔