کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے صوبائی کمشنر سابق چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے کہا ہے کہ اسکاؤٹنگ کے ذریعہ ہم معاشرے میں اچھے اور باکردار شہری پیدا کرسکتے ہیں اسی سلسلے میں سرکاری اسکولوں میں اسکاؤٹ تحریک کو فروغ دینے کیلئے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے 175اساتذہ کو اسکاؤٹ کا تربیتی کورس کرایا جارہا ہے اس کورس سے انہیں اچھے اسکاؤٹ بنانے میں مدد ملے گی ، سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کی کوشش ہے کہ تعداد کی بجائے معیار پر توجہ رکھی جائے ۔ ان خیا لا ت کا اظہار انہوں نے محمد صدیق میمن اسکاؤٹ آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب میں ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کراچی یار محمد بالادی ،ڈپٹی ڈائریکٹر کراچی نیاز حسین برڑو،ضلع جنوبی کے امتیاز علی بگھیو ، ضلع شرقی کے سید اطہر علی، ضلع غربی کے علی خان میر جت،ضلع کورنگی کے شفیع محمد شیر ، ضلع ملیرکے امتیاز انٹر ،ضلع کیماڑی کے بشیر احمد عباسی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران نے اسکاؤٹ کا حلف اٹھایا ۔اس موقع پر ڈائریکٹراسکول ایجوکیشن کراچی ڈویژن یار محمد بالادی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سرکاری اسکولوں میں اسکاؤٹ تحریک کو پروان چڑھایا جائے اور اس سلسلے کی پہلی کڑی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے 175 اساتذہ کا اسکاؤٹ لیڈر کورس کرنا ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یار محمد بلادی کا مزید کہنا تھا کہ خدمت انسانیت کا بہترین ذریعہ اسکاؤٹ تحریک ہے جس میں شامل ہوکر بلا رنگ و نسل ہم انسانیت کی خدمت کرسکتے ہیں ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی اسکاؤٹ سیکریٹری سید اختر میر نے کلمات استقبالیہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 22سال کے بعد سرکاری اسکولوں میں اسکاؤٹنگ کو فروغ دینے کا تمام تر سہرا ڈائریکٹر اسکول ایجوکشن کراچی ڈویژن یار محمد بلادی کو جاتا ہے جن کی کاوشوں کی بدولت آج کراچی کے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اسکاؤٹ تحریک سے وابستہ ہوئے ہیں جس سے سندھ میں اسکاؤٹ تحریک مزید پروان چڑھے گی ۔ انہوں نے اسکاؤٹ تحریک پر مزید روشنی ڈالی ۔ تقریب کے آخر میں ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر ڈسٹرکٹ سینٹرل طارق علی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔