ماسکو (نمائندہ خصوصی) روس نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جاری جنگ کا دیرپا حل تلاش کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی کانفرنس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس سے مطالبہ کیا ہے کہ کانفرنس میں عرب لیگ، اسلامی تعاون تنظیم اور خلیج تعاون کونسل کے ممالک کے نمائندے شامل ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو اسرائیل فلسطین کے درمیان جاری کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے عالمی کانفرنس منعقد کرنے کا اقدام لازمی کرنا چاہیے اور مجھے یقین ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اس اقدام کے لیے اہل ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرے نزدیک اسرائیل فلسطین تنازع کا واحد حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچوں مستقل اراکین کے ساتھ ایک بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی شہریوں کے ساتھ مسلسل ناانصافی کی جا رہی ہے، فلسطینی ریاست کے قیام کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن ہم دیکھ سکتے ہیں کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ غزہ کی صورتحال مزید کشیدگی کی طرف جارہی ہے۔