اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) الیکشن کمیشن نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز اور ریٹرننگ آفیسرز کی جاری ٹریننگ روک دی۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق یہ ٹریننگ الیکشن کمیشن نے لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق روکی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ عدالتی حکم کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے پنجاب، سندھ،کے پی کے اور بلوچستان کے الیکشن کمشنرز کو ہنگامی بنیاد پر مراسلہ بھی جاری کردیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز اور ریٹرننگ آفیسرز کی ٹریننگ لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں جاری تھی۔ واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے 8 فروری کے عام انتخابات بیورو کریسی سے کروانے کیلئے الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کردیا ہے۔ عدالت نے انتخابات ایگزیکٹو سے کروانے کے خلاف درخواستوں پر لارجر بینچ تشکیل دینے کی سفارش کی اور جسٹس علی باقر نجفی نے فائل چیف جسٹس کو ارسال کردی۔ علاوہ ازیں گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں ڈپٹی کمشنرز اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز کی ٹرانسفر پوسٹنگ پر بھی پابندی عائد کی تھی۔