کراچی (نمائندہ خصوصی) نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا کہ قدرتی ا?فات کے باعث ملک میں انشورنس کی رسائی بڑھانے کی ضرورت ہے۔نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے انٹرنیشنل انشور امپیکٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات رونما ہونے کی وجہ سے پاکستان میں بیمہ اہم ہے، شدید بارشوں کے باعث خاص طور پر سندھ متاثر ہوا۔مقبول باقر نے کہا کہ انشورنس کے حوالے سے ثقافتی اور مذہبی عقائد کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، ایس ای سی پی نے انشورنس انڈسٹری کے لئے پانچ سالہ سٹریٹجک پلان کا اعلان کیا ہے، یہ منصوبہ ملک میں بیمہ کے مستقبل کی منزلیں طے کرے گا، سندھ حکومت نے خطرات کو کم کرنے اور اثاثوں کے تحفظ میں انشورنس کی اہمیت کا اعتراف کیا ہے۔نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت نے سندھ انشورنس کمپنی قائم کی ہے، سندھ انشورنس کمپنی کا مشن مختلف شعبوں کے لئے انشورنس کوریج فراہم کرنا ہے، سندھ پاکستان کا پہلا صوبہ ہے جس نے اپنی انشورنس کمپنی قائم کی ہے، سندھ انشورنس کمپنی کی ترقی دوسرے صوبوں کے لئے ایک ماڈل کے طور پر کام کرتی ہے۔مقبول باقر نے مزید کہا کہ سندھ انشورنس کمپنی کا مقصد مالی تحفظ اور زندگی کو بہتر بنانا ہے، صوبے میں ڈیزاسٹر رسک انشورنس متعارف کرانے کے لئے ایک منصوبہ تیار کیا جاسکتا ہے، حکومت کے لئے یہ بھی ضروری ہے کہ وہ ترقیاتی اور عطیہ دینے والی تنظیموں کے ساتھ تعاون کرے۔نگران وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس مسئلے کا حل تلاش کرنے میں اپنا بھرپور تعاون پیش کریں گے۔