لاہور(نمائندہ خصوصی) لاہور ہائی کورٹ نے عام انتخابات بیورو کریسی سے کروانے کا الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے تحریک انصاف کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا اور پنجاب میں انتخابات ایگزیکٹو سے کروانے کیخلاف درخواستوں پر لارجر بینچ تشکیل دینے کی سفارش کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو ارسال کر دی۔فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کرانے پر قوم کے اربوں روپے لگتے ہیں اگر بڑی جماعتیں الیکشن نتائج تسلیم نہ کریں تو قوم کا پیسہ ضائع ہو گا، الیکشن کمیشن کو فری اینڈ فیئر الیکشن کرانے ہیں، شفاف انتخابات کو حقیقت میں بدلنے کیلئے امیدواروں اور ووٹرز کو یکساں مواقع فراہم کرنے ہیں۔جسٹس علی باقر نجفی نے فیصلے میں لکھا کہ موجودہ صورتحال میں جنرل الیکشن سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو سکتے جس سے جمہوریت کا مستقبل کمزور ہو سکتا ہے، درخواست میں قومی ایشو سے متعلق نشاندہی کی گئی لہذا لارجر بینچ کیلئے فائل چیف جسٹس کو بھجوائی جاتی ہے۔