اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)عام انتخابات میں سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کے معاملے پر مسلم لیگ (ن)کے استحکام پاکستان پارٹی اور جے یو آئی (ف) کے ساتھ مذاکرات میں ڈیڈ لاک پیدا ہوگیا ہے جس کو ختم کرنے کے لئے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے تاہم ن لیگ استحکام پاکستان پارٹی اور جے یو آئی (ف) کو پنجاب میں ان کے مطالبے کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں چاہتی کیونکہ جتنے نشستیں دونوں جماعتیں مانگ رہی ہیں اس پر ن لیگ کی قیادت کو تحفظات ہیں ۔ن لیگ ذرائع کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی اور جے یو آئی ف کے ساتھ مذاکرات میں ڈیڈ لاک ہوگیا ہے،ذرائع کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی نے قومی اسمبلی کی 15اور صوبائی اسمبلی کی 40نشستوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ مانگ رکھی ہے، ن لیگ کے لئے قومی اسمبلی کی پانچ سے سات اور صوبائی اسمبلی کی بیس سے زیادہ نشستوں پر ایڈجسٹمنٹ ممکن نہیں،استحکام پاکستان پارٹی جنوبی کے ساتھ ساتھ وسطی پنجاب میں بھی نشستیں مانگ رہی ہے،اب تک مذاکرات کے تین ادوار میں خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوئی ہے ،استحکام پاکستان پارٹی نے اپنی نشستوں کے حوالے سے لسٹ ن لیگ کو دے دی ہے،دوسری جانب پنجاب میں جے یو آئی ف نے بھی قومی اسمبلی کی پانچ نشستوں پر ایڈجسٹمنٹ مانگی ہے،جے یو آئی ف صوبائی اسمبلی کی دس نشستوں پر بھی ایڈجسٹمنٹ چاہتی ہے تاہم ن لیگ کے پاس پاس اتنی گنجائش نہیں ہے،ن لیگ کی جانب سے تجویز دی گئی ہے کہ جے یو آئی ف جن نشستوں پر ایڈجسٹمنٹ مانگ رہی ان کا سروے کروا لیتے ہیں تاہم اس تجویز پر جے یوآئی (ف) ناراض ہوگئی ہے ،اب حتمی فیصلہ تینوں جماعتوں کی مرکزی قیادت کرے گی۔