اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ دہشت گرد ہمیں کبھی خوفزدہ نہیں کر سکتے، دہشت گرد ہاری ہوئی اور ہم جیتی ہوئی جنگ لڑ رہے ہیں۔ڈیرہ اسماعیل خان دہشت گرد حملے میں زخمی افراد کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ہمارے جوانوں کے جذبے جوان ہیں، جن کے حوصلے کے لیے میں گیا انہوں نے مجھے حوصلہ دیا۔نگران وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گرد دس قدم ہم سوقدم بڑھائیں گے، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت چکا ہے، حملہ آوروں کو بتا دینا چاہتا ہوں وہ یہ جنگ ہار چکے ہیں۔انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اس جیتی ہوئی جنگ میں جنہوں نے قربانیاں دیں وہ یہاں اور جنت میں بھی راحت میں ہوں گے، دہشت گرد کوئی بھی حربہ استعمال کر لیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، ہم جیتے ہوئے لوگوں کے ساتھ ہیں وہ چاہے یہاں ہوں یا آخرت میں۔ نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم دہشت گردی کے عفریت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے، پاک افواج دشمنوں کے ناپاک عزام کو ناکام بنا کر انہیں منہ توڑ جواب دیں گی۔ نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے منگل کو ڈیرہ اسماعیل خان میں کمبائنڈ ملٹری اسپتال کا دورہ کیا اور گزشتہ روز ہونے والے بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔زخمی سیکیورٹی اہلکاروں اور پاک فوج کے جوانوں کے جذبے کی تعریف کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایسی قوم کی جیت یقینی ہے جس کے ایسے بہادر افسران و فوجی جوان ہوں جو اپنی وطن کی حفاظت کیلیے اپنے لہو کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہ کریں۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ پوری پاکستانی قوم دہشت گردی کے عفریت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور اللہ رب العزت کی مدد اور عوام کی طاقت سے اس کو ہر شکل و روپ میں شکستِ فاش دے گی۔وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ پاکستانی ایک بہادر و مضبوط قوم ہیں اور ہماری افواج دشمنوں کے ناپاک عزام کو ناکام بنا کر انہیں منہ توڑ جواب دیں گی۔اس موقع پر وزیرِ داخلہ سرفراز بگٹی، گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی، اور نگراں وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حیسن شاہ بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔