کراچی(نمائندہ خصوصی)ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نے یہاں 24 تاریخ کو جلسہ کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا، جس سے مخالفین کو سخت تکلیف تھی نتیجتاً ہم نے جنازے اٹھائے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم لسانی بنیادوں پر تلخیوں کو کم کرنے اور پاکستان کو خوشحال کرنے کے لیے پہلے ہی بہت قربانیاں دے چکے ہیں، چند روز قبل سہراب گوٹھ پر حملہ کر کے ساتھیوں کو زخمی کیا گیا، پیپلز پارٹی والے اس شہر اور صوبے کو لسانی تقسیم کے ساتھ دیکھنا چاہتے ہیں، منگھو پیر میں ہمارے ساتھی نیاز بھائی کو شہید کیا گیا، اب یہ واضح رہے کہ اگر آپ نے ہم پر جنگ مسلط کی تو شکست آپ کے حصے میں آئے گی۔ہمارے صبر کا یہ آخری پیمانہ تھا، اگر کسی نے اب کچھ کیا تو شہر کے امن کے ذمہ داری آپ پر عائد ہوگی، نگران وزیر اعلیٰ سندھ اور ریاست سے مطالبہ کرتے ہیں پے در پے واقعات کا نوٹس لیا جائے، ہم لڑنا نہیں چاہتے لیکن لڑنا جانتے ہیں، فوری انصاف ہونا چاہیے وہ انصاف جو ہوتا ہوا نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان بہت مضبوط ہے اور اس مضبوط ایم کیو ایم سے مخالفین خائف ہیں، اس شہر کے مضافات بھی اب روشن ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے شہداءکی کامل مغفرت، سوگواران کیلئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے، قاتلوں کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دینے اور ریاست پاکستان سے لواحقین کو انصاف فوری فراہمی کا مطالبہ کیا۔