کراچی(نمائندہ خصوصی) عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن اور ایپی لیپسی فاﺅنڈیشن پاکستان کی صدر ڈاکٹر فوزیہ صدیقی امریکی جیل میں ناحق قید اپنی بہن ڈاکٹر عافیہ سے ملاقات کے بعدآج وطن واپس پہنچیں گی۔ عافیہ موومنٹ میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان کے مطابق ڈاکٹر فوزیہ صدیقی منگل کی شام امریکہ کے شہر ہوسٹن سے وطن واپس آنے کے لیے روانہ ہوگئیں ہیں۔ان کی فلائٹ آج رات کو کراچی ایئرپورٹ پہنچے گی۔ عافیہ موومنٹ کے سپورٹرز کراچی ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کریں گے۔واضح رہے کہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اپنی بہن عافیہ صدیقی سے ملنے کیلئے 28 نومبر کو امریکہ روانہ ہوئی تھیں جہاں 2 اور 3 دسمبر کو ایف ایم سی کارسویل جیل میں ان کی ملاقات طے تھی مگر جیل حکام نے چابی کھوجانے کا بھونڈا بہانہ بنا کر پہلے دن ملاقات نہ ہونے دی جس کی وجہ سے دوسرے دن انہوں نے سخت تناﺅ اور پریشانی کے عالم میں اپنی بہن سے ملاقات اس طرح کی کہ درمیان میں شیشے کی موٹی دیوار حائل تھی اور ڈاکٹر عافیہ کی حالت پہلے سے بھی زیادہ خراب تھی جبکہ ان سے سوشل وزٹ کا وعدہ کیا گیا تھا۔جس پر ڈاکٹر فوزیہ نے اپنی بہن سے باالمشافہ ملاقات کیلئے اپنے وکیل کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں ارجنٹ درخواست لگانے کا کہا جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے 6دسمبر کو خصوصی طور پر سماعت کی اور وزارت خارجہ کو ڈاکٹر فوزیہ اور عافیہ صدیقی کی باالمشافہ ملاقات کرانے کے لیے امریکی انتظامیہ سے رابطہ کر نے کی ہدایت کی مگر وزارت خارجہ اور پاکستانی قونصلیٹ دونوں بہنوں کی باالمشافہ ملاقات کرانے میں ناکام رہے۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کراچی ایئرپورٹ سے نکلنے کے بعد میڈیا کو اپنے دورہ امریکہ کے بارے میں بریفنگ دیں گی۔